بھارت کے متنازعہ علاقوں میں فوجیوں کی خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات
چھتیس گڑھ میں بھارتی سی آر پی ایف اہلکار نے پھندہ لگا کر خودکشی کرلی

رائے پور:بھارتی پیرا ملٹری فورسز میں بڑھتے ہوئے ذہنی ونفسیاتی مسائل کے دوران سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک کانسٹیبل نے شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں خودکشی کر لی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اتر پردیش کے ضلع کانپور کے رہائشی سی آر پی ایف کانسٹیبل نے ریاست کے ضلع دانتے واڑہ کے علاقے گیدم میں واقع اپنے کوارٹرمیں پھندا لگا کر خودکشی کی۔پولیس نے کانسٹیبل کی لاش برآمدکر کے پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی ہے ۔تحقیقات جاری ہیں۔یہ واقعہ ما ئو نوازباغیوں کی تحریک سے متاثرہ علاقوں میں بھارتی فورسز کے درمیان بڑھتے ہوئے ذہنی دبائو ور خودکشیوں کے رجحان کا حصہ ہے۔رواں ماہ کے دوران کے آغاز میں ایک اور سی آر پی ایف کانسٹیبل پپو یادوضلع بیجاپور میں مردہ پایا گیا تھا، جبکہ چھتیس گڑھ آرمڈ فورسز کے ایک افسر دِینیش چندیلا نے اگست میں خودکشی کی کوشش کی تھی۔تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں میں خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات شدید دبائو، تنہائی اور طویل عرصے تک متنازعہ علاقوں میں تعیناتی کی وجہ سے مایوسی اور ناامیدی ظاہر کرتے ہیں ۔بھارتی سکیورٹی ماہرین نے مودی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ فورسز میں مزید خودکشیوں کے واقعات کو روکنے کیلئے خفیہ مشاورت اوراہلکاروں کی تعیناتی کے مناسب نظام پر توجہ دے ۔






