بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں دوخواتین سمیت مزید 10شہریوں کو گرفتار کر لیا

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران دو خواتین سمیت مزید10 شہریوں کو گرفتار کر لیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پیراملٹری فورسز اورپولیس نے سرینگر، کولگام، بارہمولہ، شوپیاں اور پلوامہ سمیت مختلف اضلاع میں چھاپہ مارکارروائیاں کیں۔ان کارروائیوں کے دوران دو خواتین سمیت دس شہریوں کو گرفتارکیا گیا۔ فورسز کے اہلکاروں نے سم کارڈ، موبائل فون,لیپ ٹاپ، دستاویزات اور کتابیں بھی قبضے میں لے لیں۔
دریں اثناء ایک خاتون کو جس کی شناخت روبینہ کے نام سے ہوئی ہے، بھارتی پولیس نے ضلع پلوامہ کے علاقے پدگام پورہ میں گرفتارکر لیا۔یہ کارروائیاں کالے قوانین کے تحت کی گئیں جن کے تحت متنازعہ علاقے میں تعینات بھارتی فورسز کو بے پناہ اختیارات اور استثنیٰ حاصل ہے۔ واضح رہے بھارتی فورسزنے مقبوضہ علاقے میں اپنی ظالمانہ کارروائیاں تیز کردی ہیں اورگزشتہ چند دنوں میں سینکڑوں بے گناہ شہریوں کو گرفتارکیاگیا ہے۔







