بھارتی فورسز نے چھتیس گڑھ میں چھ قبائلی افراد کو ہلاک کر دیا
بیجاپور: بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں ایک کارروائی کے دوران چھ قبائلی افراد کو ہلاک کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان افرادکوڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ ز(DRG)، بستر فائٹرز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF)، چھتیس گڑھ آرمڈ فورس (CAF)اور اسپیشل ٹاسک فورس (STF)کے اہلکاروں نے ضلع بیجاپور کے علاقے اندراوتی نیشنل پارک میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ہلاک کیا۔بیجاپور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ جتیندر یادو نے دعویٰ کیاکہ ہلاک ہونے والے افراد نکسلی یا مائونوازباغی تھے اورانہیں ایک نکسل مخالف آپریشن کے دوران ہلاک کیاگیا۔تازہ ترین واقعے کے بعد چھتیس گڑھ میں رواں سال اب تک محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے قبائلی افراد کی تعداد 259 ہوگئی ہے۔ ان میں بیجاپور سمیت سات اضلاع پر مشتمل بستر ڈویژن میں 230جبکہ رائے پور ڈویژن کے ضلع گریابند میں 27افراد ہلاک ہوئے۔ درگ ڈویژن کے موہلا-مان پورمیں دوافراد مارے گئے۔22ستمبر کو ضلع نارائن پورمیںدو سینئر قبائلی ارکان 63سالہ راجو دادا عرف کٹا رام چندر ریڈی اور 67سالہ کوسا دادا عرف کداری ستیہ نارائن ریڈی مارے گئے۔ دونوں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مائونواز)کی مرکزی کمیٹی کے ارکان تھے۔





