اقوام متحدہ کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے بارے میں یاد دہانی کرانے کے لیے مظفرآباد میں مارچ
مظفرآباد 04 جنوری (کے ایم ایس) پاسبان حریت جموں و کشمیر نے آج مظفرآباد میں ایک مارچ کا اہتمام کیا جس میں اقوام متحدہ کو اپنی منظور شدہ اس قرارداد پر عمل درآمد کی ذمہ داری یاد دلائی گئی جس میں جموں و کشمیر کے عوام سے ان کا حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 5 جنوری 1949 کو ایک قرارداد منظورکی تھی جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے کشمیریوں کے حق کی حمایت کی گئی تھی۔مارچ کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کی اوران کے ہمراہ بلال احمد فاروقی، عظمت حیات کشمیری، ڈاکٹر محمد منظور، عثمان علی ہاشم، محمد فیاض خان، فیصل فاروق، خالد شاہ اور دیگر مذہبی اور سیاسی رہنما اور کارکنان بھی تھے۔ مقررین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کا مقصد عوام کو کشمیر کاز سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل (5 جنوری کو) یوم حق خود ارادیت کے سلسلے میں آزاد جموں و کشمیر بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔مارچ کے شرکاءنے کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ سے جموں و کشمیر میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کو ختم کرانے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپناکردار ادا کرے۔مقررین نے کہا کہ کل (5 جنوری) کو مظفرآباد میں ایک عوامی جلسے کے ذریعے بھارتی حکمرانوں کو متنبہ کیا جائے گا کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس کی قسمت کا فیصلہ کشمیری عوام ہی کریں گے۔