کشمیری دہشت گرد نہیں ہیں: عمر عبداللہ کا دلی دھماکے پر رد عمل
کشمیری مسلمانوں کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھاجاناچاہیے
جموں:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے دلی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معصوم کشمیریوںکو شک کی نگاہ سے دیکھے جانے تشویش ظاہر کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے عمر عبداللہ نے جموں یونیورسٹی کے کنووکیشن میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری مسلمان دہشت گرد نہیں ہیں اور دہلی دھماکوں کے پس منظر میں ریاست کے لوگوں کو شک کی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔انہوں نے خبردار کیاکہ ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ جموں و کشمیر کے عوام دہشت گرد نہیں ہیں اور نہ ہی وہ دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں ۔ بدقسمتی سے جب بھی بھارت می کوئی دہشتگردی کا واقعہ پیش آتا ہے تو ہر کشمیری، خاص طور پر کشمیری مسلمانوں کو ایک ہی زاویے سے دیکھا جاتا ہے اور یہ تاثر دیاجاتا ہے کہ ہر کشمیری مسلمان دہشت گرد ہے۔عمر عبداللہ نے واضح کیاکہ کوئی بھی مذہب معصوم انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس دھماکے کے ذمہ داروںکو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے لیکن کسی بے گناہ کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ عمر عبداللہ نے دلی دھماکے میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہاربھی کیا ۔






