بھارتی فورسز کا جنوبی کشمیر میں ڈاکٹرخالد عزیز کے گھر پر چھاپہ، موبائل فون ضبط

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے سرینگر کے نوگام پولیس اسٹیشن میں درج کیس کے سلسلے میں ضلع اسلام آباد کے علاقے ملک ناگ میں رات گئے ڈاکٹر خالد عزیز ٹاک کے گھرپر چھاپہ مارا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چھاپہ کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر (CIK)کی ایک ٹیم نے مارا۔ حکام نے بتایا کہ چھاپے کے دوران گھر میں ایک خاتون ڈاکٹر پرینکا شرما پائی گئی جوہریانہ کے علاقے روہتک سے تعلق رکھنے والے انیرودھا کوشک کی اہلیہ ہیں اور اکتوبر 2023سے کرائے پر رہتی ہیں۔ وہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں اور اس وقت جی ایم سی اسلام آباد میں جنرل میڈیسن کے آخری سال میں ہیں۔چھاپے کے دوران ٹیم نے ایک موبائل فون اورسم کارڈ بھی قبضے میں لے لیا۔ یہ آپریشن انڈین آرمز ایکٹ ، بھارتی نیائے سنہتا اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قوانین تحت کیا گیا ۔ اس طرح کے چھاپے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری جابرانہ کارروائیوں کا حصہ ہیں جن میںنوگام کیس سے منسلک تحقیقات کی آڑ میں پیشہ ور افراد اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جارہاہے۔







