تنازعہ کشمیر جنوبی ایشیا کا ایک دیرینہ مسئلہ اور ایٹمی فلیش پوائنٹ ہے، سردار مسعود خان

لاہور:
آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر جنوبی ایشیا کا ایک بنیادی حل طلب مسئلہ اور ایٹمی فلیش پوائنٹ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار مسعود خان نے لاہور میں منعقدہ ایک مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تنازعہ کشمیر کشمیری عوام کے حق خودارادیت سے جڑا ہوا ہے اور اسے محض دو طرفہ تنازعہ قراردینااس کے منصفانہ حل کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلسل جدوجہد، اصولی سفارتکاری اور عالمی آگاہی کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔ پاکستان کے حوالے سے سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع، آبادی کی ساخت اور تیزی سے ابھرتا ہوا متوسط طبقہ پاکستان کو عالمی سطح پر نئی صف بندی سے فائدہ اٹھانے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں ۔انہوں نے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی نظام میں پاکستان کے بہتر مقام کے حصول کا انحصار قومی امیج کی درستگی، اپنی حقیقی طاقت پر اعتماد اور ایک واضح اسٹریٹجک سمت کے تعین پر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوام محض وسائل کی بنیاد پر نہیں بلکہ اعتماد، مقصدیت اور اجتماعی عزم کے ذریعے ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔سردار مسعود نے کہاکہ حالیہ عرصے میں پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی شراکت داری، اسٹریٹجک دلچسپی اور اہم معدنیات، ٹیکنالوجی اور مالیاتی شعبوں میں ہونے والے معاہدے اس امر کا ثبوت ہیں کہ عالمی برادری میں پاکستان کے کردار پر اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حالیہ بحرانوں کے دوران پاکستان کی ذمہ دارانہ سفارت کاری اورموثر ابلاغ نے اس مثبت تاثر کو مزید مضبوط کیا ہے۔سردار مسعود خان نے انسانی وسائل کو پاکستان کا سب سے قیمتی اسٹریٹجک اثاثہ قرار دیا۔انہوں نے مستعد سفارت کاری، م،وثر سرحدی سلامتی اور اہم شراکت داروں، خصوصا چین، کے ساتھ اسٹریٹجک ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔مذاکرے کی میزبانی سابق سفیر عبدالباسط نے کی۔






