اسلام آباد:
آپریشن جیک پاٹ مشرقی پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے سفاک بھارت اور دہشتگرد گروہ مکتی باہنی کا نام نہاد آپریشن تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تاریخ گواہ ہے کہ بھارت نے ہمیشہ خطے میں دہشتگردی کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ 1971 میں پاک بھارت جنگ سے قبل بھارت نے اپنی دہشتگردانہ پالیسی کے تحت مشرقی پاکستان میں خون کی ہولی کھیلی۔ 1971کی جنگ کے پس منظر میں بھارت اور مکتی باہنی کی دہشتگردی کی طویل مذموم مہم اور سازش نمایاں تھی۔فروری 1971 سے بھارت نے مشرقی پاکستان میں اسپانسرڈ دہشتگردانہ کارروائیوں کا آغاز کیاتھا۔ بھارت نے15اگست1971کو دہشتگردی کے ہولناک منصوبے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے نام نہاد آپریشن جیک پاٹ کا آغاز کیا ۔بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کو مکتی باہنی کے دہشتگردوں کو پناہ اور تربیت فراہم کرنے کا حکم جاری کیاتھا۔ دہشتگردی کی اس کارروائی سے بڑی تعداد میں تربیت یافتہ مکتی باہنی دہشتگردوں کو مشرقی پاکستان بھیج کر معصوم محب وطن پاکستانیوں کو شہید کیا گیا۔بھارت اور مکتی باہنی نے اس مشترکہ دہشت گرد منصوبے کو باضابطہ طور پر آپریشن جیک پاٹ کا نام دیاتھا۔







