پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت
راولپنڈی : پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدرات جمعرات کو جی ایچ کیو میں دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیاگیا۔ فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں مظالم کی شدید مذمت کی اور فوجی جارحیت کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی قانونی اقدامات کی حمایت کی۔شرکا کو بیرونی اور اندرونی دونوں طرح کے سیکورٹی کے موجودہ ماحول کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ فورم کا آغاز مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستان کے شہریوں، بشمول قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کیلئے فاتحہ خوانی اور خراج عقیدت پیش کرنے سے ہوا۔