کشمیری دفعہ 370کی منسوخی کے بعد خود کو بے اختیار محسوس کر رہے ہیں، آغا روح اللہ

سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا روح اللہ مہدی نے کہا ہے کہ کشمیری دفعہ 370کی منسوخی کے بعد خود کو بے اختیار محسوس کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں تشدد کو دفعہ 370سے جوڑنا محض ایک پروپیگنڈہ ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں تشدد کے واقعات 2019سے پہلے بھی ہو رہے تھے اور یہ اب بھی ہو رہے ہیں۔
انہوں نے جمہوری حقوق کی بحالی اور ریاستوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں تب بااختیار محسوس کر رہے تھے جب انہیں خصوصی حیثیت حاصل تھی اور اب وہ اس کی تنسیخ کے بعد خود کو بے اختیار محسوس کرتے ہیں۔
روح اللہ نے اپنی پارٹی نیشنل کانفرنس کے رہنماﺅں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے اپنی توانائیاں مودی حکومت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کو چیلنج کرنے پر صرف کریں۔انہوںنے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں ذاتی حملے کرنے کے بجائے اس کے لئے لڑنا چاہئے جس کے لئے انہوں نے ووٹ حاصل کئے ہیں۔
رکن بھارتی پارلیمنٹ نے سرینگر نوگام تھانے کے حالیہ دھماکے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔






