جموں وکشمیرکاریاستی درجہ بحال کرانا نیشنل کانفرنس کی اولین ترجیح ہے، میاں الطاف

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںنیشنل کانفرنس کے رکن بھارتی پارلیمنٹ میاں الطاف نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرانا ان کی پارٹی کی اولین ترجیح ہے اور یہ پہلا مسئلہ ہوگا جو وہ 01 دسمبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے آئندہ سرمائی اجلاس میں اٹھائیں گے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میاں الطاف ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے مستقل طور پر ریاست کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بار بار پارلیمنٹ میں ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کیا، ہم نے آئندہ سرمائی اجلاس کے لیے مختلف معاملات پر بہت سے سوالات جمع کرائے ہیں اور سیشن کے دوران جو بھی بل آئے گا اس کا مکمل جائزہ لیں گے اور جہاں بھی ضروری ہوا ہم ان پر بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں وقت دیا گیا تو ہم جموں و کشمیر کے دیگر اہم مسائل کو بھی اٹھائیں گے۔ بھارتی پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 01 دسمبر سے 19 دسمبر تک جاری رہے گا.






