مجھے للکارا گیا تو پورے بھارت میں بی جے پی کی بنیادیں ہلا دوں گی، ممتا بنرجی
ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی کیوجہ سے 36افراد اپنی جانیں لے چکے ہیں، وزیر اعلیٰ کا دعویٰ
کولکتہ : بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر نے کہا ہے کہ اگر انہیں للکارا گیا تو وہ سارے ملک میں بی جے پی کی بنیادیںہلا دیں گی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ممتا بنر جی نے ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی کے معاملے پر بھارتی الیکشن کمیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کے ڈر سے ہرگز خود کشی نہ کریں۔انہوںنے دعویٰ کیا کہ ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی کی وجہ سے پہلے ہی 36کے قریب لوگ اپنی جانیں لے چکے ہیں کیونکہ ایکشن کمیشن اور بی جے پی نے ایک تباہ کن صورتحال پیدا کر دی ہے ، الیکشن کمیشن بی جے پی کمیشن بن گیا ہے جو اے آئی ”آرٹیفیشل انٹیلی جنس“ کو دھاندلیوں کے ایک آلے کے طور پر استعمال کررہا ہے۔
ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی اگلے برس مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے قبل زبردستی کیوں کرائی جا رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ریاست بہار کے انتخابی نتائج ”ایس آئی آر“ ووٹر فہرستوں میں نظر ثانی کی ہی دین ہے اور اپوزیشن وہاں بی جے پی کا کھیل نہیں سمجھ پائی۔ ممتابنرجی نے کہا کہ کسی بھی حقیقی ووٹر کا نام نہیں کٹے گا اور ہم آخر دم تک لڑیں گے۔انہوںنے کہا کہ اگر مجھے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو میں سارے ملک میں بی جے پی کی بنیاد ہلا دوں گی، زخمی شیر زندہ شیر سے زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔






