بی جے پی حکومت کشمیریوں سے انکے حقوق، وسائل اور جائیدادیں چھین رہی ہے، حریت کانفرنس

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بیرون ممالک مقیم کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور تنازعہ کشمیر کو عالمی فورموں پر اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بی جے پی کی ہندتوا بھارتی حکومت کشمیریوں سے ان کے حقوق، وسائل، جائیدادیں اور زمینیں چھین رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی سرپرستی میں کام کرنے والی ہندوتوا تنظیمیں مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ انہوںنے مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے جبر واستبداد کی کارروائیوں کے ذریعے بے گناہ کشمیریوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے ، بھارتی حکام کی طرف سے نظر بند حریت رہنماﺅں پر دباﺅ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ کشمیریوں کے احساسات وجذبات کی ترجمانی ترک کریں۔ ترجمان نے کہاکہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا جائز حصہ نہیں رہا ہے اور کشمیریوں نے کبھی بھی غیر قانونی بھارتی فوجی قبضے کو قبول کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے لیے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں ۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ ہندوتوا بی جے پی حکومت جموں خطے میں مسلمانوں کیساتھ ساتھ دلتوں اور دیگر پسماندہ برادریوں کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ایک منظم منصوبے پر عمل پیرا ہے۔
ترجمان نے دنیا بھر کے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ عالمی برادری کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کے بارے میں آگاہ کریں، جس میں زمینوں اور جائیدادوں پر قبضہ، جبری بے دخلی اور ملازمین کی بلاجواز برطرفی شامل ہے۔





