بھارت
منی پور :حملے میں دو بھارتی فوجی ہلاک، متعدد زخمی

امپھال : شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں ایک حملے میں دو بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے آج صبح ریاست کے ضلع ٹینگنوپل میں فوج کی 22آسام رائفلز کے ایک گشتی دستے پر گھات لگا کر حملہ کیا۔حملہ آور خود کار ہتھیاروں سے لیس تھے ۔ حملے میں دو فوجیوں کے ہلاک اور کم از کم پانچ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد بھارتی فورسز نے حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ منی پور مئی 2023سے سخت تشدد کی لپیٹ میں ہے ۔ اب تک ڈھائی سو سے زائد افراد ہلاک جبکہ ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔میتھی(ہندو) او رکوکی(عیسائی) قبائل کے درمیاں بڑے پیمانے پر کشیدگی چلی آرہی ہے ۔







