مشعال ملک کی فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز بننے پر مبارکباد
اسلام آباد: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عاصم منیر کی تقرری پاکستان اور کشمیری عوام کے لیے خوش آئند ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر جرات و قائدانہ صلاحیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں سیدعاصم منیر کی حکمت عملی نے کشمیریوں کا حوصلہ بڑھایا۔انکی قیادت میں پاکستان کا دفاع مزید مضبوط اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا۔ مشعال ملک نے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بری، بحری اور فضائی افواج کا رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاک افواج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے ایک بیان میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدہ پر تعیناتی پر مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرآت و بہادری پر فخر ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی خوش آئند اوران کی قائدانہ صلاحیتیوں کا مظہر ہے۔ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نہایت جراتمندانہ فیصلے کیے اور ان کی کمان میں پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔







