قانونی ماہرین کی روہنگیا پناہ گزینوں کے بارے میں بھارتی چیف جسٹس کے بیان کی مذمت

نئی دہلی: بھارت میں سابق ججوں، سینئر وکلا، ماہرین تعلیم ، شہری آزادی اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں نے چیف جسٹس سوریہ کانت کو ایک کھلا خط لکھ کر روہنگیا پناہ گزینوں کے بارے میں ان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور غیر انسانی قرار دیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جسٹس سوریہ کانت نے متنازعہ بیان 2 دسمبر کو عوامی مفاد کی ایک درخواست پر سماعت کے دوران دیا تھا جس میں کہاگیا تھا کہ پانچ روہنگیا پناہ گزینوں کو مناسب قانونی کارروائی کے بغیر ملک بدر کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران بھارتی چیف جسٹس نے سوال کیا کہ جو افراد باڑ والی سرحد پار کرتے ہیں، سرنگ کھودتے ہیں اور غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوتے ہیں، وہ نوٹس، خوراک، پناہ گاہ اور دیگر تحفظات کے حق کا دعویٰ کیسے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ کیا ہم روہنگیا پناہ گزینوں کا سرخ قالین بچھا کر استقبال کریں؟ بنچ نے یہ بھی پوچھا کہ کیا مرکزی حکومت نے کبھی روہنگیا کو باضابطہ طور پر پناہ گزین تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پناہ گزین ایک اچھی طرح سے متعین قانونی اصطلاح ہے۔ عدالت میں یہ درخواست ڈاکٹر ریتا مانچندا نے دائر کی تھی جو نقل مکانی اور تنازعات پر ایک طویل عرصے سے تحقیق کر رہی ہیں۔اپنے کھلے خط میں ججز، وکلائ، ماہرین قانون اور سماجی کارکنان نے لکھا ہے کہ چیف جسٹس کا بیان آئین کے بنیادی اقدار سے متصادم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات سے روہنگیا پناہ گزینوں کے ساتھ انسانی سلوک میں کمی کا خطرہ ہے جن کے ساتھ مساوی سلوک کی آئین اور بین الاقوامی قانون میں ضمانت دی گئی ہے۔ خط میں کہاگیا ہے کہ پناہ گزینوں کو دراندازوں کے مساوی قرار دینا اور ان کی بنیادی حقوق تک رسائی پر سوال اٹھانا عدالتی نظیروں کو کمزور کرتا ہے۔ دستخط کنندگان نے کہاکہ روہنگیا کو عالمی سطح پر سب سے زیادہ مظلوم اقلیتوں میں سے ایک کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ آئین ہند کی دفعہ 21میں درج حقوق عالمی سطح پر لاگو ہوتے ہیں. اپنے خط میں ماہرین نے چیف جسٹس پر زور دیا کہ وہ آئینی اخلاقیات اور کمزور برادریوں کے تحفظ کیلئے عدلیہ کے عزم کی دوبارہ تصدیق کریں۔ مختلف ہائی کورٹس کے سابق ججوں اے پی شاہ، کے چندرو اور انجنا پرکاش، سینئر وکیل راجیو دھون، کولن گونسالویس اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی خط کی حمایت کی ہے۔






