بھارت جموں وکشمیر کے تئیں اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے، محبوبہ مفتی
سری نگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی( پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارت پر زر دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے تئیں اپنی پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے مفاہمت کا عمل شروع کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگرمیںذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع ملنا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ اگست 2019میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بھارت نے کہا تھا کہ کشمیر میں حالات اب ٹھیک ہیں ، لیکن زمینی صورت حال کچھ اور بتاتی ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ میرے خیال میں بھارتی وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور قومی سلامتی کے مشیر کو جموں و کشمیر کے تئیں اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
محبوبہ مفتی نے مزیدکہا کہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی شکایات کو دور کرنے کے لیے مفاہمت کی ضرورت ہے۔یہاں کے لوگ عزت اور وقار کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ، لوگ چاہتے ہیں کہ بھارتی این آئی اے اور دیگر ایجنسیاں انہیں تنگ نہ کریں اور ان پر ”یو اے پی اے اور پی ایس اے” جیسے کالے قوانین لاگو نہ ہوں۔







