بھارت کسی خود فریبی یا گمان میں نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب مزید برق رفتار اور شدید ہو گا: فیلڈ مارشل

راولپنڈی:
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان میں نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب پہلے سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے تاہم کسی کو بھی پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت پر آنچ اور ہمارے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کوئی ہماراعزم آزمانیکی جرت نہ کرے۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا کہ ان کے پاس فتنہ الخوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے، بڑھتے اور بدلتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید بہتر کریں۔ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیلی کی جانب ایک ضروری قدم ہے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کیلئے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی، ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشن کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا، تینوں افواج اپنی اندرونی خود مختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی۔
قبل ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو تینوں مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر سٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت اعلی عسکری افسران شریک تھے۔ اعزازی دستے کی جانب سے مہمان خصوصی کو جنرل سلامی پیش کی گئی۔ مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعزازی دستے کا معائنہ بھی کیا۔





