مودی کے لیے پاکستان سے جنگ ایک ڈرائونا خواب بن چکا ہے:خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ پاکستان نہ ہی نیوکلیئربلیک میلنگ کر رہاہے اور نہ اس پریقین رکھتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خواجہ آصف نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے جوہری اثاثے صرف ملکی دفاع کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا جنگ کے بعد نریندر مودی کو اب خواب میں بھی پاکستان اور پاکستانی افواج نظر آتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مودی کے لیے پاکستان سے جنگ ایک ڈرائونا خواب بن چکا ہے ، وہ بنیادی طور پر اپنے ووٹرز کو مطمئن کر رہے ہیں۔ پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں ،پاکستان کی ایٹمی صلاحیت سے کسی کو خطرہ نہیں ہو سکتا۔پاکستان نے اپنے دفاع میں جنگ لڑی اور جنگ جیتی۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے لیے دوسری جنگ بھارت کے اندر نظر آ رہی ہے ، بھارت کے اندر سے نریندر مودی کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، بھارتی شہری خودکہہ رہے ہیں کہ مودی کا رویہ ایسا تھاکہ جنگ تک نوبت آگئی۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی اپنے گھر میں اٹھنے والے طوفان کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے ، مودی جانے ان کے اپنے گھر کے سیاسی افراد جانیں، پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج سے سال یا ڈیڑھ سال قبل بھارت کا سیاسی و معاشی طورپر کچھ مقام تھا، مودی کے ہاتھوں بھارت اپنا مقام کھوبیٹھا ہے ۔






