قومی اسمبلی کی لائبریری میں کشمیر کارنر قائم کر دیا گیا

اسلام آباد:کشمیر کاز کوموثرطورپر اجاگر کرنے کے لیے قومی اسمبلی کی لائبریری میں کشمیر کارنر قائم کیا گیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق، سپیکرسردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کی لائبریری میں کشمیر کارنر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون ، وفاقی وزیرپارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور کشمیری رہنما شریک تھے۔
اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے مسئلہ پر پاکستانی قوم کا موقف یکساں ہے ۔ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔ کشمیر کارنر میں شہدائے کشمیر کی نایاب تصاویر اور جدوجہد آزادی کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے تاریخی پس منظر پر مشتمل کتب رکھی گئی ہیں۔کشمیری جدوجہدِ آزادی سے متعلق تاریخی دستاویزات، کتب اور معلوماتی مواد بھی رکھا گیا ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیر کارنر کا قیام مسئلہ کشمیر کے بارے میں آگاہی اور معلومات کی فراہمی میں ایک اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔کشمیر گیلری اراکین پارلیمنٹ اور نوجوان نسل کو کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور قربانیوں سے آگاہی کاموثر ذریعہ ثابت ہوگا۔ تقریب کے شرکانے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔کشمیری قیادت نے قومی اسمبلی کی جانب سے کشمیر کارنر کے قیام کو سراہا۔وفاقی وزیر اورچیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ کشمیر کارنر کا قیام احسن اقدام ہے ، کشمیر کارنر کے قیام سے پارلیمنٹیرینز اور محققین کو مستند معلومات تک آسان رسائی حاصل ہوگی،سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی لائبریریوں میں بھی کشمیر کارنر قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اورچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ، دوٹوک اور اصولی موقف اپنانے پر شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔حریت کنونیر غلام محمد صفی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قومی اسمبلی لائبریری میں کشمیر کارنر کا قیام اس بات کا واضح ثبوت بھی ہے کہ ریاست پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی سے اداکررہی ہے۔انہوںنے کشمیر کارنر کے قیام پر حکومت پاکستان ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی، وابستگی اور غیر متزلزل حمایت کا عملی اظہار ہے ۔غلام محمد صفی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اس وقت دنیا کے بدترین فوجی محاصرے میں ہے جہاں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، غیر قانونی گرفتاریاں، اظہارِ رائے اور میڈیا پر پابندیاں، گھروں کی مسماری اور خواتین و بچوں پر مظالم روز کا معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کشمیری نوجوان کالے قوانین کے تحت قید ہیں، جو عالمی انسانی حقوق، جنیوا کنونشنز اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔تقریب میں سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی ،محمود احمد ساغر،شیخ عبدالمتین ،مزمل ٹھاکر،عبدالحمید لون اور مشتاق احمد بٹ بھی موجود تھے۔







