این آئی اے نے نئی دہلی میں ایک اورکشمیری ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا
نئی دہلی: بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افرادکو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک اور کشمیری ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق این آئی اے نے ایک چھاپے کے دوران بارہمولہ کے رہائشی ڈاکٹر بلال نصیر ملہ کو حراست میں لیا۔ایجنسی نے بتایا کہ ڈاکٹر بلال نصیر ملہ کو دہلی میں گرفتار کیا گیا۔ ان پر الزام لگایا گیا کہ وہ ڈاکٹر عمر نبی سے قریبی رابطے میں تھے جو 10نومبر کو دہلی میں لال قلعہ کے قریب ایک دھماکے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔گزشتہ چند مہینوں کے دوران ہونے والی گرفتاریوں اور تحقیقات سے خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ بھارتی حکام مقبوضہ جموں و کشمیر کے پڑھے لکھے طبقے کو نشانہ بنانے کے لیے نام نہاد سیکورٹی کا بہانہ کر رہے ہیں۔ انسانی حقوق کے گروپوں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں مقبوضہ جموں وکشمیر کے ڈاکٹروں، انجینئروں اور دیگر پیشہ ور افراد کو سیکورٹی کے لیے خطرات کے طور پر پیش کرنے کے لیے کی جارہی ہیں ۔








