بھارت مقبوضہ کشمیر میں سنگین جنگی جرائم میں ملوث ہے، مقررین
عالمی یوم انسانی حقوق ، کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد

لاہور: کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر سیمینارکے مقررین نے بھارت مقبوضہ کشمیر میں سنگین جنگی جرائم میں ملوث ہے اور عالمی ادارے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئررہنما غلام عباس میرسیمینار کی صدارت کی جبکہ انسانی حقوق کے ممتاز کارکن صدر لیگل کونسل ہیومن رائٹس سوسائٹی اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔سیمینار کے مقررین نے کہا کہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری ہیں ۔ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو بھارت کو سنگین جنگی جرائم پر جواب دہ بنانا چاہیے ۔انھوں نے افسوس ظاہر کیاکہ عالمی برادری مظلوم قوموں کے ساتھ دوہرامعیار جاری رکھے ہوئے ہے جسے ترک کیاجانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمدکروانے میں ناکام رہا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ 2019کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں سیاسی، سماجی اور معاشی آزادیوں پر مسلسل پابندیاں عائد ہیں۔ سیاسی قیادت، حریت رہنما، صحافی، طلبہ اور عام شہریو ں کو جھوٹے مقدمات، گرفتاریوں اور نظر بندیوں کا سامنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ مذہبی پابندیوں کی آڑ میں اسلامی شعائر کی بے حرمتی جاری رکھے ہوئے ہے،مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے اور بڑی تعداد میں غیرکشمیری ہندوئوں کو ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ جاری کئے گئے ہیں۔ مقررین میں انچارج سنٹر انعام الحسن،مولانا شفیع جوش، مرزا صادق جرال، چوہدری محمد شفیق، محترمہ آمنہ نصیر، سینئرصحافی نصیرالحق ہاشمی، علامہ مشتاق قادری، علامہ فدا الرحمان حیدری، اوردیگر شامل تھے ۔






