امرتسر: سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی

چندی گڑھ :بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں کئی سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی جس پر طلباءکو ہنگامی بنیادوں پر سکول عمارتوں سے باہر نکالا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سکولوں میں بم رکھنے جانے کی اطلاع بذریعہ ای میل موصول ہوئی۔خوف زدہ والدین اپنے بچوں کو لینے سکولوں میں پہنچ گئے جبکہ ضلع انتظامیہ نے امرتسر بھر کے تمام اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا۔
امرتسر کے پولیس کمشنر گرپریت سنگھ بھولر نے ایک بیان میں کہاشہر اور دیہی پٹی کے کچھ اسکولوں کو ایک مشکوک ای میل موصول ہوئی جس پر تلاشی آپریشن کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور پولیس کو پوری طرح متحرک کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں ڈی اے وی پبلک اسکول کے ایک طالب علم کو اپنے اسکول کو بم کی دھمکی دینے والی ای میل بھیجنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔ طالب علم اور اس کے والدین کی جانب سے تحریری معافی نامہ جمع کرانے کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا تھا۔








