بھارت کے جارحانہ آبی اقدامات خطے کے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں ، اسحاق ڈار
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے جارحانہ آبی اقدامات سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سفارتکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپریل 2025میں سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کیا، بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیر دریائے چناب میں پانی چھوڑا، اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے بھارت کے اقدامات پر تشویش ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدام عالمی قانون اور ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو منظم انداز میں کمزور کرنے کی کوشش کی، بھارت کا حالیہ اقدام پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی واضح مثال ہے۔انہوں مزیدکہا کہ بھارتی اقدامات سے پاکستان کی غذائی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ عالمی برادری سندھ طاس معاہدے کی مکمل بحالی کیلئے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ جنوبی ایشیا میں امن استحکام کا اہم ذریعہ ہے، پاکستان واضح کرچکا ہے کہ پانی روکنا یا اس کا رخ موڑنا جنگی اقدام تصور ہوگا، ہم اپنے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔






