مئی جنگ کے بعد امریکا کا انڈیا فرسٹ دور ختم، پاکستان کو فوقیت حاصل، واشنگٹن ٹائمز
اسلام آباد:
معروف امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز نے 2025 کو پاک امریکا تعلقات میں انقلابی تبدیلی اور فیصلہ کن موڑ کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی جنوبی ایشیا پالیسی میں غیر معمولی تبدیلی واقع ہو چکی ہے، انڈیا فرسٹ کادور عملا ختم اور پاکستان کو واضح فوقیت حاصل ہو گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق واشنگٹن ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس کی انڈیا فرسٹ پالیسی ختم کرکے پاکستان کواپنی اولین ترجیح بنا لیاہے۔ اس بڑی تبدیلی کی بنیادی وجہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ بندی جس میں پاکستان کو عظیم الشان فتح نصیب ہوئی۔ اسی واقعے نے امریکی پالیسی کا رخ تبدیل کیا اور خطے کے لیے اسٹریٹجک نقشہ دوبارہ ترتیب دیا گیا۔ واشنگٹن ٹائمز کے مطابق آرٹیکل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعلقات کا تفصیلی تجزیہ بھی شامل ہے۔ پاکستان، اب امریکہ کا شراکت دار ملک بن چکا ہے ۔ صدرٹرمپ کی نئی جنوبی ایشیا پالیسی میں پاکستان کو مرکزی ستون کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ پاک امریکا تعلقات میں پہلی واضح تبدیلی خفیہ کائونٹر ٹیررازم ایکسچینجز سے آیا، جس کے بعد مارچ میں ٹرمپ نے قومی خطاب میں پاکستان کی غیر متوقع تعریف کی۔ واشنگٹن ٹائمز کے مطابق پاک امریکا تعلقات میں فیصلہ کن موڑ مئی کی پاک بھارت جھڑپ بنی۔ پاکستان کی فوجی کارکردگی، نظم و ضبط اور اسٹریٹجک فوکس نے امریکی صدر ٹرمپ کو حیران کر دیا، جسے امریکی توقعات سے کہیں زیادہ قرار دیا گیا۔ اسی لمحے پاکستان کو دوبارہ ایک سنجیدہ ریجنل ایکٹر کے طور پر دیکھا جانے لگا۔ واشنگٹن ٹائمز کے مطابق مئی کی جنگ کے بعد ٹرمپ کے لیے جنوبی ایشیا کا اسٹریٹجک نقشہ ری ڈرا ہوا۔ پاکستان کو جنوبی ایشیا کے امریکی وژن کو اینکر کرنے والا ایک ایمرجنگ اثاثہ قرار دیا گیا، جبکہ پاکستان کی ملٹری ماڈرنائزیشن کو نئی عالمی اہمیت حاصل ہوئی۔ کمانڈ اسٹرکچر میں اوورہال کیا گیا اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ فعال بنایا گیا، جس پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نام نمایاں طور پر لیا گیا۔ آرمی چیف کے طور پر بھی ان کے کردار اور قیادت کو سراہا گیا۔ اخبار کے مطابق جنگ بندی پر بھارت کا سرد ردعمل ٹرمپ کو ناگوار گزرا، جبکہ پاکستان نے ثالثی کو قدر اور شکرگزاری کے ساتھ قبول کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیرصدر ٹرمپ کے اِنر سرکل کے اسٹار بن کر ابھرے ہیں ۔ واشنگٹن ٹائمز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو Disciplined Dark Horse اور Deliberate Mystery جیسے القابات دیے، جبکہ وائٹ ہاس میں لنچ میٹنگ کو کسی پاکستانی عسکری سربراہ کے لیے پہلی مثال قرار دیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا سینٹ کام ہیڈکوارٹرز میں ریڈ کارپٹ استقبال ہوا اور امریکی عسکری قیادت کے ساتھ اعلی سطحی اسٹریٹجک بات چیت کی گئی۔ واشنگٹن ٹائمز کا کہنا ہے کہ امریکی پالیسی اور جنوبی ایشیا کے توازن کو ری رائٹ کرنے میں پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔






