معرکہ حق میں افواجِ پاکستان کی تاریخی کامیابی، بھارت کو عبرتناک شکست دی، وزیراعظم

اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دی اور پاکستانی شاہینوں نے بھارت کے 7 طیارے مار گرائے، جو قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم ہائوس میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے معرکہ حق میں شاندار کامیابی حاصل کی اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے دشمن کے 7 طیارے گرا کر پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو ثابت کر دیا۔وزیراعظم نے حضرت عیسی علیہ السلام کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ انسانیت کے لیے محبت، بردباری اور خدمت کا درس لے کر آئے، اور آج کی دنیا کو اس پیغام کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اگر کسی اقلیتی شہری کے ساتھ ناانصافی یا زیادتی ہوئی تو قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذہبی آزادی کا اصول آئینِ پاکستان کا حصہ ہے اور حکومت اس پر مکمل عملدرآمد کی پابند ہے۔







