پاکستان

پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد:
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے بنیادی حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالا ت کا اظہار سید یوسف رضا گیلانی نے ایوانِ صدر میں آزاد جموں و کشمیر کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وفد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور رکن قانون ساز اسمبلی حامد رضا شامل تھے۔قائم مقام صدر نے کہا کہ کشمیر ان کے دل کے بہت قریب ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیرکے لیے عبد الغنی بٹ کی زندگی بھر کی جدو جہد کو ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم عبد الغنی بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم، آسیہ اندرابی، یاسین ملک اور شبیر شاہ جیسے سینئر رہنمائوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کی۔اس موقع پر گزشتہ روز انتقال کر جانے والے حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین اور کشمیری رہنما عبدالغنی بٹ کی خدمات کو سراہا گیا۔سیدیوسف رضا گیلانی نے واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کے تنازعے کوبھرپور طورپر اجاگر کرتارہے گا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مئی 2025میں بھارت کے ساتھ معرکہ حق کے دوران، پاکستان کی سول اور فوجی قیادت نے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا، حالانکہ بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزی اور بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی درخواست کی تھی، جسے مسترد کر دیا گیا۔ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ بھی معطل کر دیا۔ اگرچہ پاکستان نے جواب دینے کا حق محفوظ رکھا، لیکن اس نے پورے عرصے میں تحمل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوزیشن کو بین الاقوامی سطح پر حق بجانب ثابت کیا گیا، کیونکہ یہ سچائی پر مبنی تھا جبکہ بھارت کے بیانیے کو عالمی سطح پر مسترد کر دیا گیا۔ قائم مقام صدر نے اس بات کی تجدید کی کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے جموں و کشمیر تنازعے کا حل نہایت ضروری ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button