برسلز: شہدائے جموں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تحریک آزادی کی آبیاری کی ، علی رضا سید
برسلز:
کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے شہدائے جموں کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جموں کے شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے قربانی کی عظیم مثال قائم کی اور اپنے خون سے تحریک آزادی کی آبیاری کی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میںشہدائے جموں کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے جموں کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے جموں و کشمیرکے عوام کی ہمت و حوصلے کو مزید مضبوط کیا۔انہوں نے کہاکہ شہداء کی قربانیاں بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کی شدید مذمت کی اور ان مظالم کو رکوانے، تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی اور جموں و کشمیر سے بھارتی فوجوں کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ شہدائے جموں سے لیکر کے آج تک بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیریوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کشمیر کی آبیاری کی ہے۔ علی رضا سید نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اورعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔دیگر مقررین نے اس موقع پر کہاکہ ہم بھارت کے اس ظالمانہ رویے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو انصاف ملنے تک انکے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔اجلاس میں خالد راجہ، فرید خان، راجہ مستجاب، ڈاکٹر منظورظہور اور شیخ ماجد نے بھی شرکت کی ۔





