کرسمس پر توڑ پھوڑ، بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم نہایت تشویشناک ہے: دفتر خارجہ
اسلام آباد:
پاکستان نے بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر توڑ پھوڑ اور مسلمانوں کو نشانہ بنانے کیلئے ریاستی سرپرستی میں مہم نے اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں میں خوف وہراس میں مزید اِضافہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بھارت میں کرسمس کے موقع پر توڑ پھوڑ اور مسلمانوں کے خلاف تشدد سے متعلق میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والا ظلم و ستم نہایت تشویش ناک امر ہے۔کرسمس کے موقع پر توڑ پھوڑ کے حالیہ قابل مذمت واقعات ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں مسلمانوں کے گھروں کی مسماری اور ہجوم کے ہاتھوں تشدد کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، اور محمد اخلاق کے قتل سمیت متعدد واقعات میں مجرموں کو بھارتی ریاستی سرپرستی حاصل رہی ہے۔ ان واقعات نے مقامی مسلمانوں میں خوف اور عدم تحفظ کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ایسے متاثرین کی فہرست افسوسناک طور پر طویل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری ان واقعات کا نوٹس لے اور بھارت میں کمزور طبقات کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں ۔






