بھارت:گائے کوجوازبنا کر اقلیتوں کے خلاف ریاستی سرپرستی میں تشدد کے واقعات میں اضافہ
نئی دلی:
بھارت میں ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور میں گائے کوجواز بنا کر اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے خلاف تشدد کے حالیہ واقعات نے مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا دئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت میں گائے کے نام پر مسلمانوں اور دلتوں پر ہندوتوا بلوائیوں کے حملے ،انہیں ہراساں اور قتل کرنے کا منظم اور خوفناک حربہ بن چکے ہیں ۔ ریاست اتر پردیش اور ہریانہ میں پیش آنے والے ایسے ہی دو حالیہ واقعات نے بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات کو جنم دیا ہے ۔18اکتوبرکو اتر پردیش میںہجوم کے ہاتھوں ایک ٹرک ڈرائیور کے قتل اور ہریانہ میں 19اکتوبرکو سات مسلمانوں پر تشدد جیسے سنگین واقعات انسانی حقوق کے عالمی اداروں کیلئے بھی باعث تشویش ہیں ۔18اکتوبرکو اتر پردیش میں گائے کے اسمگلنگ کے الزام میں ایک ٹرک ڈرائیور کوہندوتوا بلوائیوں نے بے دردی سے تشددکا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق، ٹریفک حادثے کے بعد بلوائیوں نے ٹرک ڈرائیور پر حملہ کیا، جس میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور جان کی بازی ہار گیا۔اس واقعے کے دوران پولیس کی تاخیر سے کارروائی سے واضح ہوتا ہے کہ ریاستی ادارے بھی اقلیتوں کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہیں ۔19اکتوبر کو ہریانہ میں سات مسلمانوں کو گائے کے نام پروحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان افراد پر ہندوتوابلوائیوں نے اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ گاڑی میں گائے لے کر جارہے تھے ۔ متاثرہ افرادکے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی نہیں کی اور حملہ آوروں کو آزاد چھوڑ دیا۔انسانی حقو ق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے مطابق 2010 سے اب تک گائے کے نام پر ہونے والے حملوں کے 84فیصد متاثرین مسلمان ہیں اوریہ واقعات بی جے پی کے زیرقیادت ریاستوں میںتیزی سے جاری ہیں ۔بھارتی سپریم کورٹ کی 2018 کی ہدایت کے باوجود ریاستیں ان واقعات کی روک تھام کیلئے کوئی موثر قدم نہیں اٹھا رہیں، جس سے اقلیتوں کے خلاف ہندوتوابلوائیوں کے وحشیانہ تشدد کے واقعات میں مزید تیزی آگئی ہے ۔18سے20اکتوبر کے دوران سوشل میڈیا نے مسلمانوں کو معاشرتی خطرہ قرار دیتے ہوئے "گا ئورکھشا” کے نعرے کو بڑھاوا دیا۔ان واقعات نے بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ریاستی سرپرستی میں جاری تشدد کو مزید اجاگر کیا ہے، جس کے باعث بھارت میں سماجی ہم آہنگی کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔








