بھارتی فورسز نے 2025 میں 84 کشمیری شہید کیے
حریت کارکنوں، نوجوانوں، ڈاکٹروں، صحافیوں سمیت 7ہزار 4سو88 کشمیریوں کوحراست میں لیا گیا
سری نگر: سال 2025 میں بھی بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اپنے عروج پر رہی اور قابض بھارتی فورسز نے تین خواتین اور سات کم عمر لڑکوں سمیت 84 کشمیری شہید کیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ ان میں سے 34 افراد کو فرضی مقابلوں اور دوران حراست شہید کیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ان شہادتوں کے نتیجے میں 11 خواتین بیوہ اور 33 بچے یتیم ہوئے۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ برس 41 املاک کو تباہ کیا جن میں زیادہ تر رہائشی مکانات ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ حریت کارکنان، نوجوانوں، ڈاکٹروں، علمائے کرام، خواتین اور صحافیوں سمیت 7ہزار 4سو 88 افراد کو حراست میں لیا گیا اور ان میں سے بیسیوں کے خلاف” پبلک سیفٹی ایکٹ اوریو اے پی اے“ جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
حکام نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور عیدگاہ میں عیدیں کی نماز ادانہیں کرنے دی جبکہ جامع مسجد کو کئی مرتبہ سیل کر کے کشمیری مسلمانوں کو یہاں جمعہ کی نماز ادا نہیں کرنے دی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دسمبر 2025 میں بھارتی فورسز نے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی 480 کارروائیوں کے دوران 263 کشمیریوں کو گرفتار کیا۔
2025 میں 213 جائیدادوں پر قبضہ کیا گیا۔ کئی کشمیری سرکاری ملازمین برطرف کر کے انہیں معاشی مشکلات کی طرف دھکیلا گیا۔ اعداد وشمار کے مطابق نومبر 2025 تک مقبوضہ علاقے میں رجسٹرڈ بیروزگار نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر 357,328 ہو گئی ہے۔
رپورٹ میںکہا گیا کہ حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد اسلام، فاروق احمد ڈار، مولوی بشیر احمد، بلال صدیقی، مشتاق الاسلام، ڈاکٹر حمید فیاض، ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم، محمد رفیق گنائی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، غلام قادر بٹ، ڈاکٹر شفیع شریعتی ، انسانی حقوق کے محافظ خرم پرویز دہلی کے تہاڑ جیل اور دیگر جیلوں سیاسی مقدمات میں نظر بند ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 5 اگست 2019 سے، جب بھارتی ہندو قوم پرست بی جے پی حکومت نے غیر قانونی پر مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کی بھارتی فوجیوں، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں نے اب تک 1ہزار 48 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ 37 سالوں میں 96ہزار4سو 81 کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔







