اسلام آباد:
جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت کے موقع پر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ایک سیمینارمنعقد کیا گیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار کے مہمان خصوصی سینئر وزیر میاں عبد الوحید تھے ۔سیمینار میں سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان ، سردار مسعود خان ،راجہ محمد فاروق حیدر خان ،سردار محمد عتیق خان ،وزیرنبیلہ ایوب ،امیر جماعت اسلامی آزادکشمیرراجہ ڈاکٹر محمد مشتاق ،حریت رہنما الطاف بٹ ،محترمہ شمیم شال ،ڈاکٹر راجہ سجاد خان ،راجہ خان افسر خان ،سردار ساجد محمود ،سردار علی شان ،سردار نجیب الغفور ،راجہ راشد رضا ،خواجہ عمران الحق ،سردار صدیق ،ظفر مغل ،راجہ بشیر ،بشیر عثمانی ،راجہ عبدالجبار،روبینہ بٹ اوردیگر سیاسی و سماجی رہنمائوں اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوے وزیر میاں عبد الوحید نے کہا کہ5جنوری یوم حق خودارادیت کا دن ہے اسکی اہمیت اور تاریخی پس منظر مسلمہ ہے،یوم حق خودارادیت کی قرارداد وہ واحد دستاویز ہے جس کے ذریعے اقوام عالم کے سامنے مسئلہ کشمیر اجاگر کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری تنازعہ کشمیر کے اصل فریق ہیں جنہوں نے اپنی تحریک آزادی کیلئے لاکھوں جانوں کانذرانہ پیش کیاہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی تحریکیں ماہ و سال کی پابندی نہیں انشااللہ تحریک آزادی کامیابی سے ہم کنار ہو گی ہمارے وکیل پاکستان نے کشمیر کیلئے تین جنگیں لڑیں ،معرکہ حق کی بدولت مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں اجاگر ہوا ہے۔سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ آج کا دن مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی اس قرارداد پر عمل درآمد کروائے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے لوگ مشکلات کے باوجود بھارت سے آزادی لیکر رہیں گے ۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ5اگست کے یکطرفہ بھارتی اقدامات کشمیریوں کو قبول نہیں ہیں ،آج کا دن کشمیریوں کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی اس قرارداد پر عملدرآمد کروائے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ،اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی اس قرارداد پر عملدرآمد کروائے ،امریکہ میں سفارتکاری نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا اورانشااللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملے گا۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پانچ جنوری مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس دن اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیاتھا ۔بھارت کے 5 اگست کے اقدامات غیر قانونی ہیں اور وہ ریاست میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے مگر اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔محترمہ نبیلہ ایوب اوردیگر مقررین نے اقوام متحدہ پرزوردیاکہ وہ جموں وکشمیر سے متعلق اپنی قرارداد پر عملدرآمد کروائے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق دے۔ انہوں نے کہاکہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق خودارادیت سے مسلسل محروم ہیں ۔ انہوں نے سابق وزیراعظم ا ورقائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کوبھی ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے کشمیر پر ایک ہزار سال تک جنگ کا آفاقی نظریہ دیا اور ایٹمی پاکستان کی بنیاد رکھ کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔






