یوم حق خودارایت کے سلسلے میں پیٹربورو میں تقریب کا انعقاد،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی
لندن: یوم حق خودارادیت کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر کمپین گلوبل کے زیر اہتمام پیٹربورو کونسل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شرکا ء میں سابق رکن پارلیمنٹ اور کیمبرج کے موجودہ میئر پال برسٹو، کونسلر اشفاق احمد،کونسلر امجد اقبال، کونسلر اورنگزیب، کونسلر قیصر،کونسلر امتیاز علی ، مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ نوید عارف ، ایڈووکیٹ امجد فاروق، ڈسٹرکٹ کونسلر غفارت شہید،مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما راجہ جاوید اقبال، کشمیر کمپین گلوبل کے چیئرمین ظفر قریشی اور سیکرٹری جنرل اشفاق احمدشامل تھے۔تقریب کے آغاز میں کشمیر کمپین گلوبل پیٹربورو کے چیئرمین راجہ اعجاز شیخ نے شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5جنوری عالمی برادری کی طرف سے کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے کی یاد دلاتا ہے کہ انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنی مرضی کے مطابق کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا بدقسمتی سے یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔کشمیر کمپین گلوبل کے ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر اشفاق نے کشمیر کی تاریخ، مقبوضہ جموں وکشمیرکی موجودہ صورتحال اور عالمی برادری کی ذمہ داری کے بارے میں تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ بیانات کے بجائے عملی اقدامات کئے جائیں۔کشمیر کمپین گلوبل کے چیئرمین ظفر قریشی نے یوم حق خود ارادیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ بھارتی جبر کے باوجود کشمیری عوام کی جدوجہد بالآخر کامیاب ہو گی۔سابق رکن پارلیمنٹ پال برسٹو نے کہا کہ جو بھی حقیقی معنوں میں انسانی حقوق پر یقین رکھتا ہے وہ کشمیر کے مسئلے پر خاموش نہیں رہ سکتا۔ کونسلر امجد اقبال نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اس کے منصفانہ حل کے لیے اب سنجیدہ اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔





