کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے شہید رہنما ڈاکٹر غلام قادر وانی کوشاندارخراج عقیدت
اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں تحریک آزادی کشمیر کے رہنما اور شہید قائد ڈاکٹر غلام قادر وانی کی برسی کے موقع پر ایک پر وقار دعائیہ مجلس منعقد کی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔اس موقع پر مقررین نے ڈاکٹر غلام قادر وانی کو تحریک آزادی کا فکری معمار، نظریاتی ستون اور استقامت کی علامت قرار دیا اورانہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر غلام قادر وانی صرف ایک سیاسی رہنما نہیں تھے، بلکہ وہ ایک فکری، نظریاتی اور تنظیمی شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ جمعیت طلبہ جموں و کشمیر کے فعال ناظم اعلیٰ رہے، بعد ازاں جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر میں شمولیت اختیار کی اور پھر اسلامک اسٹوڈنٹس لیگ کے چیئرمین کی حیثیت سے کشمیر کے نوجوانوں کو فکری، تحریکی اور تنظیمی سطح پر ایک واضح سمت عطا کی۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ ڈاکٹر غلام قادر وانی کی جدوجہد نے تحریکِ آزادی کو صرف سیاسی نہیں بلکہ فکری و تہذیبی بنیادوں پر استوار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر وانی جیسے رہنما تاریخ کشمیر کے وہ روشن باب ہیں جنہیں مٹایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا ۔مجلس کے اختتام پر شہید رہنماسمیت تمام شہدائے کشمیر کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔ مجلس میں سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی ،جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد ،میر طاہر مسعود ،دائود خان،شیخ عبدالمتین ،محمد حسین خطیب ، حاجی محمد سلطان ،راجہ شاہین،زاہد صفی،اعجاز رحمانی ،جاوید جہانگیر ، امتیاز وانی ، عدیل مشتاق ، شیخ عبد الماجد ،نذید احمد کرنائی اور دیگر نے شرکت کی۔








