بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کشمیریوں کے ہر شعبہ زندگی کو نشانہ بنارہی ہے: حریت کانفرنس

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت کشمیریوں کے ہرشعبہ زندگی کو نشانہ بنارہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نئی دہلی کی مسلط کردہ بی جے پی انتظامیہ نے آبادکاری کی اسرائیلی پالیسی پر عمل پیراہوکر ہرطرح کے کشمیر دشمن اور ظالمانہ اقدامات کئے ہیں جن کا مقصد کشمیری مسلمانوں کی ثقافت، زبان، ڈیموگرافی اور مذہبی شناخت کو ختم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019 کو دفعہ370اور 35Aکی منسوخی غیر قانونی تھی جو بندوق کی نوک پر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان دفعات کی منسوخی کے بعد علاقے میںناانصافیوں کا سلسلہ بڑھ گیا ہے۔ترجمان نے ہندوتوا تنظیموں کے دبائو میں ریاسی میں وشنو دیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسیلنس کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے بی جے پی-آر ایس ایس کے کشمیر دشمن ایجنڈے اور نفرت کی پالیسیوں کو بے نقاب کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اورکسی بھی طرح کے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔ترجمان نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت مہذب اقوام سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارت پر دبائوڈالیں۔







