آر ایس ایس نے مسلم طلبا کے داخلوں کو روکنے کیلئے جموں کے میڈیکل کالج کو بندکرایا: آغا سید روح اللہ

سرینگر:مقبوضہ جموں وکشمیر سے بھارتی پارلیمنٹ کے ممبر آغا سید روح اللہ نے کہا ہے کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے دباؤ کے تحت ویشنو دیوی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ایکسیلنس کو اچانک بند کیا گیا تاکہ میرٹ پر مسلمان کشمیری طلبہ کے داخلے روکے جا سکیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گاندر بل کے علاقے کنگن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آغاروح اللہ نے کہا کہ ہندوتوا تنظیم جموں میں فرقہ واریت کو ہوا اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا رہی ہے تاکہ میڈیکل کالج میں غیر ہندو طلبہ کے داخلوں کو روکا جاسکے ۔آغا روح اللہ نے کالج جس کی فنڈنگ ایک ٹرسٹ کے ذریعے کی جارہی ہے میں داخلوں کی مخالفت کرنے والوں کی حیثیت پر سوال اٹھایا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس قدر پستی کا شکار ہو چکے ہیں کہ اب تعلیمی ادارے بھی ان کے نشانے پر آ گئے ہیں۔آغاروح اللہ نے کہا کہ جموں کے عوام اس طرح کی کارروائیوں کی حمایت نہیں کرتے۔ انہوں نے بجلی کے نرخوں میں اضافے پر قابض انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔








