خصوصی رپورٹ

بھارت کا78واں” ملٹری ڈے“: نہتے کشمیری بھارتی فورسز کے مظالم کا مسلسل شکار

قابض فورسز نے1947 سے اب تک ساڑھے 4لاکھ سے زائد کشمیری شہید کیے

اسلام آباد: بھارت آج اپنا 78 واں آرمی ڈے ”یومِ فوج“ منا رہا ہے تاہم دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کے دعویدار اس ملک کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کشمیریوں کو حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بدترین مظالم کا مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوج کا سفاک چہرہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں پوری طرح سے بے نقاب ہو چکا ہے ۔ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل، بلا جواز گرفتاریوں، جعلی مقابلوں، خواتین کی بے حرمتی، ، گھروں کی مسماری، لوٹ مار، شہریوںکی تذلیل اورجبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں 10لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کر رکھے ہیں ، بھارتی حکومت نے فوج اور پیرا ملٹری فورسز کو نہتے کشمیریوں پر مظالم کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔
کے ایم ایس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قابض فوج کو مقبوضہ علاقے میں اپنا دن منانے کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے اور اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میں کئی قرار دادیں پاس کی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے 1947 سے اب تک ساڑھے 4لاکھ سے زائد کشمیری شہید کیے ہیں ، مہلک پیلٹ چھرے لگنے کی وجہ سے سینکڑوں نوجوان بصارت سے محروم ہوچکے ہیں۔
کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے جنوری 1989 سے 96ہزار 4سو 81 کشمیری شہید کیے ۔ قابض بھارتی فورسز علاقے میں انسانیت کے خلاف گھناﺅنے جرائم میں ملوث ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نہ صرف مقبوضہ جموںوکشمیر بلکہ شمال مشرتی بھارتی ریاستوں میں میں شہریوں کا بے دریغ قتل عام کر رہی ہیں اوران علاقوں میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ہزاروں لوگ قتل کیے گئے ۔
رپورٹ میں کہا گیا بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو مکمل طورپر ایک فوجی چھاﺅنی میں تبدیل کر دیا ہے اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے کوئی بھی کشمیری محفوظ نہیں ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارت فوج پر اب ہندوتوا سے متاثر انتہا پسند آر ایس ایس/بی جے پی نظریے کا مکمل غلبہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ جنوری 2022 میں مقبوضہ وادی کشمیر کے معروف سیاحتی مقامات گلمرگ اور سونمرگ میں ہزاروں ایکڑ اراضی دفاعی نوعیت کا قرار دیکر بھارتی فوج کے حوالے کی گئی ۔
کے ایم ایس رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی فورسز کے گھناﺅنے جرائم کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں۔بھارت میں ہر برس 15 جنوری کو ”آرمی ڈے“ منایا جاتا ہے۔یہ دن لیفٹیننٹ جنرل کوڈانڈیرا ایم کریپا کے بھارتی فوج کے پہلے کمانڈر انچیف کا عہدہ سنبھالنے کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے 15جنوری 1949کو بھارتی فوج کے آخری برطانوی کمانڈر انچیف جنرل فرانسس رائے بوچر سے چارج لیا تھا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button