بھارت نے پولینڈ کے پاکستان نواز موقف پر شدید احتجاج کیا

نئی دہلی:بھارت نے پولینڈ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حق میں پاکستان کے موقف اور بھارت کے روس کے ساتھ توانائی کے تعلقات پر غیر منصفانہ تنقید کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی حکام نے کہا ہے کہ یہ اقدامات بھارت کے اندرونی اور بین الاقوامی موقف کی بے جا تنقید کے مترادف ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے نئی دہلی میں اپنے پولینڈ کے ہم منصب رادوسلاو سکورسکی سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے حوالے سے ”زیرو ٹالرنس”اپنائے اور بھارت کے پڑوسی ممالک میں دہشت گردی کو فروغ دینے والے بنیادی ڈھانچے کی حمایت سے گریز کرے۔ جے شنکر نے یورپ میں جاری یوکرین تنازعے کے حوالے سے پولینڈ کی جانب سے بھارت کے خلاف”انتخابی ہدف بندی” پر بھی تنقید کی، اور زور دیا کہ بھارت کے روس کے ساتھ توانائی کے تعلقات کو غیر منصفانہ طور پر اجاگر کیا جا رہا ہے، جبکہ یورپی ممالک ماسکو کے ساتھ تجارت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ ملاقات سکورسکی کے بھارت کے تین روزہ دورے کے دوران ہوئی، جو یورپی یونین قیادت کے بھارت کے دورے سے چند دن پہلے ہے۔ جے شنکر نے لینڈ کے وزیر کو یوکرین کے حوالے سے بھارت کے موقف سے بھی آگاہ کیا۔





