کشمیری پنڈتوں کے بغیر وادی کشمیر نامکمل ہے ،ہم انکی واپسی کے منتظر ہیں،محبوبہ مفتی
نئی دلی:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کشمیری پنڈتوں کو جموں وکشمیر واپس آنے کی دعوت دی ہے کہا ہے کہ کشمیری پنڈتوں کے بغیر کشمیر نامکمل اورادھورا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے گاندھی نگر نئی دلی میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہم ان کی واپسی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں ۔انہوں نے قابض انتظامیہ پر زوردیاکہ کشمیری پنڈتوں کومحفوظ رہائش دے اور انہیں بتایا جائے کہ وہ جب چاہیں وادی کشمیر واپس آ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کشمیری پنڈتوں کو مخصوص علاقوں تک محدود نہیں کیا جانا چاہیے بلکہ انہیں آزادانہ طور پر وادی میں رہنے کی اجازت ہونی چاہیے تاکہ وہ مقامی کشمیریوں کے ساتھ گھل مل کر رہیں۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ پنڈت ہمارے بھائی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ عزت کے ساتھ واپس آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر رہیں۔







