مقبوضہ کشمیر : تین لاپتہ نوجوانوں میں سے ایک کی لاش برآمد
سڑک حادثے میں ایک شخص جانبحق، لینڈ سلائینڈنگ کی زد میں آنے سے تین افراد زخمی
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع اسلام آباد سے لاپتہ ہونےو الے تین نوجوانوں میں سے ایک نوجوان کی لاش ضلع کولگام سے برآمد ہوئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پر آسرار طور پر لاپتہ ہونے والے تین نوجوانوں میں سے ایک ریاض احمد کی لاش ضلع کولگام میں ویشو نالہ سے ملی ہے۔
مقامی لوگوں کو نالے کے قریب لاش ملی اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ۔
مقامی لوگوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ فروری کی13تاریخ کو قاضی گنڈ کے علاقے سے اغوا کیا تھا۔
مقتول ریاض احمد اور دیگر دو لاپتہ نوجوانوں کے اہلخانہ نے شدید احتجاج کیا ہے ۔ انہوںنے دیگر دولاپتہ نوجوانوں کے بارے میں فوری طور پر معلومات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ دیگر دو نوجوانوں کے نام شوکت احمد اور مختار اعوان بتائے جاتے ہیں ۔ یہ تینوں قاضی گنڈ کے ہائشی ہیں۔
دریں اثنا ضلع بارہمولہ کے علاقے چاٹلورہ کے قریب سڑک حادثہ میں ایک موٹر سائیکل سوار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ اسکے ساتھ موجود ایک اور شخص زخمی ہو گیا۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے پہل گام میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے کے باعث تین افراد زخمی ہوگئے۔






