مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں کی سامبا ضلع میں تازہ کارروائی، شہری شہید

سری نگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع سامبا میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ایک اور بے گناہ شہری کو شہید کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس نے ضلع کے رام گڑھ کے علاقے ماجرا میں نام نہاد جھڑپ کے دوران شہری کو گولی مار کر قتل کیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔بھارتی سرکاری ذرائع نے قتل کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مارا جانے والا شخص درانداز تھا، تاہم مقامی لوگوں نے بھارتی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ہونے والا نوجوان ایک عام شہری تھا۔ واقعے کے بعد بھارتی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دریں اثنا بھارتی پنجاب پولیس کے اسٹیٹ اسپیشل آپریشن سیل نے چندی گڑھ، پنجاب میں ایک کارروائی کے دوران جموں کے رہائشی رامَن کمار کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے ذریعے ایک پاکستانی کارکن سے مبینہ روابط کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ادھر بھارتی فورسز نے ضلع کشتواڑ کے جنسیئرکنڈیوار چھاترو علاقے میں بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے۔ یہ آپریشن 18 جنوری کو مندرل سنگھ پورہ کے قریب سوننار گاؤں میں شروع کیا گیا تھا جو تاحال جاری ہے۔






