مظفر آباد :یوم سیاہ کے موقع پر پوسٹ گریجویٹ کالج ہٹیاں دوپٹہ میں کانفرنس کا انعقاد
مظفرآباد:
بھارتی یوم جمہوریہ کویوم سیاہ کے طورپرمنانے کیلئے پوسٹ گریجویٹ کالج گرلز ہٹیاں دوپٹہ مظفرآبادمیں ایک فکری و شعوری کانفرنس منعقد کی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف ڈائیلاگ ، ڈویلپمنٹ اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیزکے زیر اہتمام کانفرنس میں ڈاکٹر ولید رسول، پروفیسر ڈاکٹر کریم، چیئرپرسن آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس محترمہ سمیعہ ساجد، پرنسپل کالج پروفیسر نوشین، اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس کے مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے یومِ جمہوریہ کو ہر سال یومِ سیاہ کے طورپر مناتے ہیں کیونکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بدترین ریاستی ریاستی دہشت گردی ، ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی منظم پامالی میں براہِ راست ملوث ہے۔مقررین نے کہا کہ نام نہاد بھارتی جمہوریت ایک فریب کے سوا کچھ نہیں، جس کا اصل چہرہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، اجتماعی قبروں، سیاسی قیدیوں، اظہارِ رائے پر پابندیوں اور مسلسل فوجی محاصرے کی صورت میں دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ،تاہم بھارتی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہاہے جو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔مقررین نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اخلاقی، قانونی اور انسانی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کیلئے موثر کردار ادا کریں۔ آخر میں مقررین نے طالبات پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو محض ایک جذباتی نعرہ نہیں بلکہ ایک شعوری، فکری اور اخلاقی ذمہ داری سمجھ کر اجاگر کریں اور تحقیق، تعلیم، مکالمے اور مثبت بیانیے کے ذریعے دنیا تک کشمیری عوام کی آواز پہنچائیں اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ فکری و عملی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔کانفرنس کے اختتام پر کشمیری شہدا کے درجات کی بلندی اور مظلوم کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔






