مودی حکومت بھارت کی عالمی تنہائی اور خارجہ پالیسی کی ناکامیوں کی ذمہ دارہے، شانتہ چیتری
نئی دلی :
بھارت کی سینئر سیاستدان اورسابق رکن پارلیمنٹ شانتہ چیتری نے کہاہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اندرونی خلفشار اور ناکام خارجہ پالیسی کے باعث عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شانتہ چیتری نے ایک بیان میں کہاکہ مودی حکومت کے بلند و بانگ دعوں کے برعکس بھارت اس وقت سنگین سیاسی، معاشی اور سفارتی مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ مودی کی سفارت کاری زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی اور جھوٹے دعوئوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی معیشت، خارجہ پالیسی اور اسٹریٹجک حیثیت پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ بڑھتے ہوئے ٹیکس، بیروزگاری اور مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔شانتہ چیتری نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بھارت پر تجارتی ٹیرف عائد کیے گئے اور بھارت کو ایران کی چاہ بہار بندرگاہ جیسے اہم منصوبے سے بھی پیچھے ہٹنا پڑا، جو بھارتی خارجہ پالیسی کی ناکامی کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی پالیسی مکمل طور پر ناکام ثابت ہو ئی ہے، کیونکہ پاکستان نے امریکا، سعودی عرب، ترکیہ اور چین کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط کیے ہیں۔ اسلامی ممالک کے درمیان ابھرتا ہوا اتحاد بھارت کے لیے ایک نیا اسٹریٹجک چیلنج بنتا جا رہا ہے۔شانتہ چیتری نے مزیدکہاکہبھارت اس وقت نہ صرف معاشی بلکہ فوجی سطح پر بھی دبائو کا شکار ہے، جبکہ اندرونی طور پر بے روزگاری، مہنگائی، عدم مساوات اور ماحولیاتی مسائل سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے مذہبی اور ثقافتی تنازعات کو ہوا دے رہی ہے۔







