پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کے باہرسید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ
اسلام آباد02 ستمبر (کے ایم ایس )
بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی غائبانہ نمازِ جنازہ آج پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کے سبزہ زار میں ادا کی گئی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق غائبانہ نماز جنازہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، چیئرمین سینٹ صادق سنجرابی اور آزاد جموں وکشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی، وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید اور چیئر مین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے شرکت کی ۔
صدر مملکت عارف علوی نے سید علی گیلانی کے غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کے بعد پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیریوں کے نصب العین کیلئے سیدعلی گیلانی کی شاندار خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوںنے کہاکہ سیدعلی گیلانی جیسے لوگ کشمیر میں پیدا ہوتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی تسلط سے جمو ں وکشمیر کی آزادی سیدعلی گیلانی کا خواب تھا اور یہ ہمارا بھی خواب ہے اورانشا اللہ کشمیر جلد آزاد ہوگا۔صدر نے افسوس ظاہر کیاکہ کشمیری عوام سے عالمی برادری کی طرف سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے ہیں اور کشمیریوں کو بدترین بھارتی جارحیت کا سامنا ہے۔ آزاد کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم نے اس موقع پر کہاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی اور پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر کی سنگین صورتحال کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔ غائبانہ نمازجنازہ میں پارلیمنٹ کے ملازمین اور سرکاری ملازمین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور بزرگ رہنماء کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔