مودی حکومت کی نااہلی سے مہلک نیپا وائرس خطہ میں پھیلنے کا خدشہ
مختلف ممالک نے بھارت سے آنیوالے مسافروں کیلئے اسکریننگ سخت کر دی
اسلام آباد:
بھارت میں مہلک نیپا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز سامنے آنے کے بعد ایشیا کے متعدد ممالک نے احتیاطی اقدامات سخت کر دیے ہیں اور ہوائی اڈوں پر اسکریننگ اور نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خطے میں وائرس کے پھیلا ئوکے خدشے کے پیش نظر مختلف ممالک نے بھارت سے آنے والے مسافروں کے لیے خصوصی چیک پوائنٹس قائم کیے ہیں۔امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے نیپا وائرس سے اموات کی شرح 40 سے 70 فیصد تک ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے، جبکہ عالمی ادارہ صحت نے نیپاہ کو خطرناک وائرس قرار دیتے ہوئے فوری تحقیق اور سخت نگرانی پر زور دیا ہے۔تھائی لینڈ نے بھارت سے آنے والے مسافروں کے لیے ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ تائیوان کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول نے نیپاہ وائرس کو کیٹیگری 5 خطرہ قرار دیا ہے۔برطانوی جریدہ دی ٹیلی گراف کے مطابق برطانیہ، نیپال، تھائی لینڈ، تائیوان اور سری لنکا میں بھی بھارتی مسافروں کے لیے اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔دوسری جانب دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق چین، میانمار، انڈونیشیا اور ویتنام نے بھی بھارت کے سفر سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بھارت میں نیپاہ وائرس کی نگرانی کا نظام غیر موثر اور غیر مربوط ہے، خاص طور پر دیہی اور سرحدی علاقوں میں نگرانی کی کمی تشویشناک ہے۔






