لداخ کے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی طبیعت خراب،ہسپتال منتقل

جودھ پور31 جنوری (کے ایم ایس )بھارتی ریاست راجستھان کی جودھپورجیل میں نظربندلداخ کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی طبیعت خراب ہونے کے بعد آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) جودھپور میں ان کا طبی معائنہ کیاگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سونم وانگچک کو 26 ستمبر 2025 کو بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے لہہ میں مظاہرین پر فائرنگ اورچار شہریوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے بعدکالے قانون قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ مظاہرین لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور اسے بھارتی آئین کے چھٹے شیڈول میںشامل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ وانگچک اس وقت سے جودھ پور سینٹرل جیل میں بند ہیں۔انہیں آج سنٹرل جیل جودھپور سے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا جہاں عدالتی احکامات پرانکا طبی معائنہ کیاگیا۔ سخت حفاظتی انتظامات کے تحت جیل واپس جانے سے پہلے ماہرڈاکٹروں نے ان کامعائنہ کیا۔اسپتال کے ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ وانگچک پیٹ سے متعلق بیماریوں میں مبتلا ہیں ۔یہ معائنہ وانگچک کی اہلیہ کی طرف سے سپریم کورٹ میں ظاہر کئے گئے خدشات کے بعد کرایاگیاجنہوں نے سینئر وکیل کپل سبل کے ذریعے ان کی صحت میں بتدریج گراوٹ اور خصوصی علاج کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے ایک درخواست دائر کی تھی۔ 29 جنوری کوعدالت نے جیل حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ سرکاری اسپتال کے ماہر سے وانگچک کا معائنہ کرائیں اور 2 فروری تک اپنی میڈیکل رپورٹ پیش کریں۔AIIMS کے ذرائع نے بتایا کہ چیک اپ کے بعد وانگچک کو واپس جودھ پور جیل بھیج دیا گیا۔






