لاہور :یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرکشمیر سینٹر کے زیر اہتمام دستخطی مہم کا انعقاد
لاہور:
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر دستخطی مہم کا انعقادکیاگیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پنجاب اسمبلی کے سامنے دستخطی مہم میں سیاسی قیادت، کشمیری حریت رہنمائوں، سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، سول سوسائٹی کے اراکین،خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی ظلم وتشددکی مذمت کی ۔مہم کے دوران کشمیرسنٹرکے کیمپ میں جموں وکشمیر لبریشن سیل کی مطبوعات کا سٹال بھی لگایاگیا اور شرکا کو بڑی تعداد میں لٹریچر تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے کشمیریوں کی ہر سطح پر اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ کشمیریوں کوانکا حق خودارادیت دلانے کیلئے عمل ی اقدامات کرے ۔ انھوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا ظالم وجابر ملک ہے جو گزشتہ 7دہائیوں سے زائد عرصے سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی شدید پامالیوں میں ملوث ہے۔ قابض بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام جاریر کھے ہوئے ہے تاہم کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے پر عزم ہیں ۔مقررین نے کہاکہ آج پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا عظیم الشان مظاہرہ کررہی ہے۔ ہم کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیری درحقیقت اپنی آزادی ہی نہیں پاکستان کی تکمیل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔دستخطی مہم میں سابق لارڈ میئر لاہور مبشر جاوید، سابق سیکرٹری جنرل کل جماعتی حریت کانفرنس شیخ عبدالمتین، سابق وزیرحکومت ناصر حسین ڈار، ایم این اے کرن ڈار، سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سہیل شوکت، سابق صدارتی مشیر نصیب اللہ گردیزی، ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ عبدالجبار ایڈووکیٹ، پروفیسر اسما حسن، آغارب نواز درانی، تاج حیدر، آفتاب نازکی، عالمی سیاح مقصود چغتائی، حریت رہنما سیدگلشن احمد، انجینئرمشتاق محمود، سینئرصحافی صبا ممتاز بانو،سیاسی رہنماء فرزانہ بٹ،زرقاجاوید،غلام عباس میر،زرقا نسیم، سائرہ بانو، سردار جاویداختر، فاروق آزاد، سید منظورگیلانی،راجہ شیرزمان ایڈووکیٹ، عبداللطیف چغتائی اور سمیت عام شہریوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا ۔








