پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،فیلڈ مارشل عاصم منیر
مظفر آباد:
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ بھارت کی ریاستی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیریوں کے عزم و حوصلے کو کمزور نہیں کر سکیں، ہندو توا پر مبنی پالیسیوں کے باوجود کشمیری عوام کی جدوجہد مزید مضبوط ہوئی ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیااور یادگار شہدائے جموں و کشمیر پر حاضری دی اور پھول رکھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس موقع پر کہاکہ کشمیر جلد آزادی کی نئی صبح دیکھے گا جو اہل کشمیر کی اجتماعی خواہش اور مقدر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور طریقے سے اٹھاتا رہے گا۔ فیلڈ مارشل نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی حمایت کی۔انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کی بہادری اور بے لوث قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے ممتاز شخصیات اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔فرنٹ لائن پوسٹ پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کشمیر میں تعینات افسران، جوانوں کے جذبے، پیشہ ورانہ معیار اور جنگی تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود فوج کا بلند حوصلہ قابلِ تحسین ہے۔سید عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کا فوری،موثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ فیلڈ مارشل نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا، دورے کے دوران آپریشنل تیاریوں اور ہر سطح پر ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا۔دورے کے آغاز پر کور کمانڈر راولپنڈی نے سربراہ پاک فوج اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔







