مقبوضہ کشمیر، سرینگر میں ٹریفک حادثہ، ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا شدید زخمی
نوگام میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق

سرینگر،:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیش آنے والے دو افسوسناک واقعات میں دوافراد جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے علاقے نور باغ میں ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا، جبکہ نوگام کے علاقے میں ایک شخص کو اپنے گھر کے اندر مردہ پایا گیا۔نور باغ حادثے میں متاثر ہونے والوں کی شناخت فیضان احمد شیخ اور عمرکے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع گاندربل کے علاقے نرائن باغ کے رہائشی تھے۔ حادثے میں دونوں نوجوان شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر جہلم ویلی اسپتال بمنہ منتقل کیا گیا۔ تاہم فیضان احمد شیخ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ عمر کی حالت نازک بتائی جاتی ہے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔
دریں اثناء ایک الگ واقعے میں سرینگرمیں نوگام کے علاقے کنی پورہ میں ایک 47 سالہ شخص اپنے گھر کے اندر جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔متوفی کی شناخت ضمیر احمد تیلی کے طور پر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق لاش رہائش گاہ کے اندر جلی ہوئی حالت میں پائی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے دونوں واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے اور آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے







