مقبوضہ جموں و کشمیر

.پارٹی کی بنیادی رکنیت اور بھارتی پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر قائم ہوں : روح اللہ مہدی

دفعہ370 کی بحالی اور آئینی حقوق کے تحفظ سے متعلق وعدوں کی خلاف ورزی اختلاف کی وجہ ہے


سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رہنما اورسرینگر سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغاروح اللہ مہدی نے کہاہے کہ پارٹی سے اختلافات کی وجہ انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدے ہیں جن میں دفعہ 370 کی بحالی، آئینی حقوق کا تحفظ، ریزرویشن پالیسی سے متعلق تنازعات کا حل اور قیدیوں کی رہائی جیسے بنیادی معاملات شامل ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغاروح اللہ نے بڈگام میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ان کی ناراضگی کسی کرسی سے محرومی کی وجہ سے نہیں بلکہ منشور پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث ہے۔ انہوںنے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے دفعہ 370 سے متعلق حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی کے موجودہ موقف پر سوال اٹھائے۔
انہوںنے واضح کیا کہ وہ 3 نومبر کو پارٹی کی بنیادی رکنیت اور بھارتی پارلیمنٹ کی نشست سے مستعفی ہونے کے اپنے فیصلے پر بدستور قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ اقدام کسی ذاتی رنجش، عہدے کی خواہش یا سیاسی سودے بازی کا نتیجہ نہیں بلکہ اصولی اختلافات اور عوام سے کیے گئے انتخابی وعدوں کی پاسداری سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے استعفیٰ کا اعلان پہلے ہی کر چکے ہیں جس پر 3 نومبر کو باضابطہ عمل درآمد کیا جائے گا
آغا روح اللہ نے اصولی سیاست، شفافیت اور جوابدہی پر یقین رکھنے والے شہریوں اور کارکنوں سے 3 نومبر کے عوامی اجتماع میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہم خیال افراد کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی قیادت دفعہ 370 اور خطے کے آئینی حقوق کی بازیابی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کو تیار نہیں ہے، تو ان کے لیے پارٹی کے انتخابی نشان پر جیتی گئی پارلیمانی نشست برقرار رکھنے کا کوئی اخلاقی و سیاسی جواز نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے ساتھ کسی قسم کے فریب یا ابہام کا حصہ نہیں بننا چاہتے، اسی لیے انہوں نے مستعفی ہونے کی راہ اپنائی ہے۔ وہ اپنے فیصلے کے تمام سیاسی نتائج قبول کرنے کے لیے تیار ہیں اور اگر عوام نے اعتماد ظاہر کیا تو مستقبل میں پارلیمانی فورم پر دوبارہ عوامی نمائندگی کا راستہ ہموار ہو سکتا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button